لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کیخلاف درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے وزارت قانون اور خزانہ سے سترہ مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے ٹیکس چوری کرنے والے تاجروں کو رعایتیں دینے کیلئے ایمنسٹی سکیم جاری کی ہے جس کے تحت اگر کوئی کاروباری شخص نیشنل ٹیکس نمبر بنوا کر ایف بی آر میں رجسٹر ہو گا تو اس کو ویلتھ گوشواروں اور آڈٹ سے دس سال تک استثنیٰ ہو گا۔ حکومت کی یہ سکیم امتیازی سلوک ہے، اگر کوئی عام شہری ٹیکس نہ دے تو حکومت اس کیخلاف کارروائی کرتی ہے مگر ایمنسٹی سکیم کے تحت کروڑوں اور اربوں روپے چوری کرنے والے تاجروں کیخلاف کارروائی کی بجائے انہیں تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2016ءبھی جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی قانونی حیثیت پر بھی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ٹیکس ایمنسٹی/ ہائیکورٹ