مسلم لیگ ن کے انتخابات، 5 رکنی مرکزی الیکشن کمشن، صوبائی اتھارٹیز بنیں گی

Feb 13, 2016

لاہور (فرخ سعید خواجہ سے) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی، صوبائی اور مقامی عہدیداروں کے آئندہ چار برس کے لئے انتخاب کی تیاریاں جاری ہیں اور پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی پانچ رکنی مرکزی الیکشن کمشن جبکہ صوبائی ورکنگ کمیٹیاں پانچ پانچ رکنی صوبائی الیکشن اتھارٹیز قائم کریں گی۔ مرکز اور صوبوں میں الیکشن لڑنے کے خواہاں الیکشن کمشن اور الیکشن اتھارٹی کے ممبر نہیں بن سکیں گے۔ ضلعی الیکشن اتھارٹیز بھی قائم کی جائیں گی۔ پارٹی نے مقامی سطح پر تنظیم کو وارڈ کے لیول پر منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وارڈ کی سطح پر مسلم لیگ (ن) کا صدر اور جنرل سیکرٹری کے علاوہ شعبہ خواتین کی صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت یوتھ ونگ کا صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب کیا جائے گا۔ وارڈ کی سطح پر امن کمیٹی بھی قائم کی جائے گی جو کہ پارٹی کے تابع ہو گی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں سے اس کا صدر و جنرل سیکرٹری بھی منتخب کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پانچ رکنی ضلعی الیکشن اتھارٹی میں دو ارکان کا تعلق کسی اور ضلع سے ہو گا جبکہ تین ارکان متعلقہ ضلع کے شامل ہونگے۔ ضلعی الیکشن اٹھارٹیز بھی صوبائی ورکنگ کمیٹیاں تشکیل دیں گی۔

مسلم لیگ (ن)/ پارٹی الیکشن

مزیدخبریں