جے یو آئی (ف) پنجاب کے امیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد‘ مجلس عمومی کا اجلاس کلب طلب

Feb 13, 2016

راولپنڈی (سلطان سکندر) جمعیت علماءاسلام (ف) صوبہ پنجاب کے امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان کے خلاف سابق صوبائی امیر مولانا رشید احمد لدھیانوی‘ ریاض درانی اور ان کے ساتھیوں کی طرف سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر خفیہ رائے شماری کرانے کے لئے جمعیت کی صوبائی مجلس عمومی (جنرل کونسل) کا اہم اجلاس اتوار چودہ فروری کو جامعہ عزیز العلوم چیچہ وطنی (ساہیوال) میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کا کورم پورا ہونے کی صورت میں تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے لئے اجلاس میں دو تہائی ارکان کی موجودگی ضروری ہو گی‘ چیچہ وطنی میں جے یو آئی (ف) کی پنجاب شاخ کے دو اہم اجلاس 14,13 فروری کو منعقد ہوں گے آج ہفتہ کو صوبائی مجلس عمومی کا ”معمول“ کا اجلاس صوبائی امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان کی صدارت میں منعقد ہو گا جس میں ضلعی تنظیموں کی کارکردگی اور آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا تاہم ممکن ہے کہ اس اجلاس میں ایجنڈہ سے ہٹ کر صوبائی امیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے اعتماد کی قرارداد لائی جائے یا اتوار کے اجلاس کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے، تحریک عدم اعتماد کا حتمی فیصلہ اور ڈراپ سین اتوار چودہ فروری کو ہونے والے اجلاس میں ہوگا۔ جمعیت کی مرکزی تنظیم نے تحریک عدم اعتماد کے لئے بلائے گئے اجلاس کے لئے مرکزی سیکرٹری مالیات شمس الرحمان شمسی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں بلوچستان کے سابق سپیکر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ اور مولانا عبداﷲ جتک شامل ہیں۔ اندریں حالات چیچہ وطنی دو دن جے یو آئی (ف) کے ان دو اہم اجلاسوں کے باعث جمعیت کی سرگرمیوں کا مرکز رہے گا۔ دریں اثناءجے یو آئی (ف) کی مجلس فقہی کے سربراہ مفتی عبدالرحمان توکلی نے چیچہ وطنی روانگی سے قبل نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی امیر جمعیت ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جماعتی انتخابات میں شکست خوردہ عناصر کی جماعت کے خلاف سازش کا نتیجہ ہے۔
عدم اعتماد

مزیدخبریں