قصور: امتحانی عملے کی طالبات سے بدسلوکی حجاب، برقع، دوپٹہ اتارکر آنے کی تلقین

Feb 13, 2016

قصور (نامہ نگار) ہشتم بورڈ کے امتحانات میں طالبات کیساتھ عملہ کی بدسلوکی، حجاب، دوپٹے اور برقع اتارکر آنے کی تلقین کر دی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سید چراغشاہ ٹاﺅن کا امتحانی عملہ اورگارڈز بھی حجاب پر طالبات کو سکول سے باہر نکالنے کی دھمکیاں دینے لگ گیا۔ والدین کا کہنا ہے محکمہ ایجوکیشن نے سکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر مغربی پالیسیاں اپنانا شروع کر دیں۔ جماعت ہشتم کے امتحانات بھی نام نہاد سکیورٹی کے نام پر مغربی روایات کی نذر ہو رہے ہیں۔ امتحانی عملے نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ اگلے پیپر میں شرکت کرنا چاہتی ہیں تو انکے لیے لازم ہے کہ وہ حجاب، برقعہ اور چادر سے آزاد ہو کر آئیں۔ گارڈ نے بھی والدین کو یہ کہا کہ کل کے پیپر میں اگر آپ کی بچیاں ایسے آئیں تو سکول میں داخل نہیں ہونے دیا جائےگا۔ دوسری طرف کثیر تعداد میں طالبات کو صرف شیشے کے گتے امتحانی سنٹر میں لانے کو کہا گیا ہے جو غریب والدین کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ای ڈی او ایجوکیشن قصور چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ معاملہ میرے علم میں نہیں اگر ایسا ہو رہا ہے تو غلط ہے میں فرصت ملتے ہی معاملہ کی انکوائری کرونگا۔

طالبات/ بدسلوکی

مزیدخبریں