اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (SIU) کی کارروائی، بذریعہ فون انعام نکلنے کا لالچ دے کر لوگوں سے رقم بٹورنے والے ایک منظم گینگ کے 02 ملزم گرفتار کر لئے گئے جن کے قبضہ سے دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم مبلغ 5لاکھ روپے برآمد ہوئی۔ ملزموں نے مختلف شہروں میں اسی طرح کی وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا، مزید تفتیش جا ری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد الیاس کی ہدایت پر ڈی ایس پی سی آئی اے بشیر احمدنون نے خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔ تشکیلی ٹیم نے بذریعہ فون انعام نکلنے کالالچ دے کر لوگوں سے رقم بٹورنے والے ایک منظم گینگ کے 2 ملزموں کوگرفتار کر لیا ملزموں حبیب احمد ولد عبدالستار قوم اوڈھ اور محمد یوسف ولد نیک محمد قوم اوڈھ ساکن چک نمبر 40 شمالی پٹھان والا تحصیل و ضلع سرگودھا شامل ہیں۔ ملزمان نے بذریعہ فون مسماۃماہ جبین بی بی دختر بشیر احمد ساکن سیکٹر I-8/1 اسلام آباد کو انعام کا جھانسہ دیکر 525000 روپے ہتھیا لیے جس کی نسبت مقدمہ نمبر 362 مورخہ 26-09-2016 بجرم 420/34 ت پ تھانہ I-A درج رجسٹر ہے۔ ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا۔یہ ملزم سعودی عرب، کویت اور دبئی وغیرہ کا خود کو ظاہر کر کے عربی زبان میں بھی بات کرتے ہیں جن کی نسبت متعلقہ تھانہ جات سے پڑتال ریکارڈ کروائی جا رہی ہے۔ گرفتار ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔