;تین سال میں 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد شکایتیں نمٹائیں: وفاقی محتسب

کراچی (این این آئی) وفاقی محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی (نشان امتیاز ) نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب نے گذشتہ تین سالوں میں تین لاکھ سات ہزار سے زائد شکایتوں کا ازالہ کیا جبکہ غیر روایتی طریق کار کے تحت نمٹائی گئی (46657)شکایات اس کے علاوہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی محتسبِ اعلیٰ ریجنل آفس میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب ملک میں مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے والا موثر اور منفرد ادارہ ہے۔ عام شہری اپنی شکایات ڈاک کے علاوہ وفاقی محتسب میں جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت سرکاری اداروں کو جدید ترین کمپلنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (CMIS)کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ ملک کے 133اضلاع اور 511تحصیلوں میں عوام کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016میں وفاقی محتسب نے 94000سے زائد شکایات نمٹائیں جوکہ 34ِ سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں جبکہ 2015میں تمام شکایات کے فیصلے 45یوم میں اور 2014میں 60یوم میں کئے گئے۔ حالیہ برسوں کے دوران وفاقی محتسب کا نام بین الاقوامی سطح پر بھی بلند ہوا ہے اور موجودہ وفاقی محتسب ِ اعلیٰ کو گذشتہ سال ایشیا کے اومبڈسمین ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا۔ وہ اومبڈسمین کے بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل اورمبڈسمین ایسوسی ایشن کے بھی ایشین ریجن کے صدر منتخب کئے گے واضح رہے کہ یہ اعزاز صرف ان ہی کے حصے میں آیا۔ وفاقی محتسبِ اعلیٰ نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ایک موقع پر وفاقی محتسب ِ اعلیٰ سلمان فاروقی کی کارکردگی پر توصیفی ریمارکس میں کہاکہ آپ نے ایک سال میں 94000شکایات نمٹائیں جو دیگر اداروں کیلئے قابلِ تقلید مثال ہے۔ وفاقی محتسب کے پانچوں اداروں کو مزید فعال اور بااختیار بنانے کیلئے کوششوں کے علاوہ وفاقی محتسب میں شکایات کے فوری اندراج کیلئے ہیلپ لائین (1055)متعارف کرائی گئی جبکہ بچوں کی شکایات کیلئے ہیلپ لائن (1056)متعارف کرائی گئی ہے۔ ہر شکایت کا نمبر تاریخ ِ سماعت اور کیس کے فیصلے سے متعلق ہر قسم کی اطلاعات شکایت گذار کو بذریعہ ایس ایم ایس فوری طور پر کردی جاتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن