کاروباری برادری کی لاہور دھماکےکی مذمت، منگل کو مارکیٹں بند کرنے کا اعلان

لاہور (کامرس رپورٹر ) کاروباری برادری نے مال روڈ پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ ،خالد پرویز گروپ ،نعیم میر گروپ ، مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں اور سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے آج دھماکے میں شہید ہونے والوں کے سوگ میں منگل کو لاہور میں مارکیٹں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیئرنگ کراس پر ہونے والے بم دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد نواز گوندل سمیت دیگر شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دریں اثنا ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیرمین منظور ملک ،لاہور چیمبر آف کا مرس کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان، فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں عاصم رضا ، ریاض اللہ خان ،میاں ریاض ، لیاقت علی خان ، چوہدری افتخار احمد مٹو نے لاہور چیئرنگ کراس پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دھماکے کے پس پردہ ہاتھوں کو منظر عام پرلایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک کا امن و امان تہ و بالا کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں اور نہ ہی کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن