اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سعودی عرب میں جاری پاکستان اور سعودی عرب کی بحری افواج کے مابین مشترکہ بحری مشق 'نسیم البحر' کا ہاربر فیز اختتام پذیر ہوگیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہاربر فیز متعدد آپریشنل سرگرمیوں اور مشترکہ مشقوں پر مشتمل تھا۔ترجمان کے مطابق ہاربر فیز کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے سی فیز کے دوران ہونے والی مشترکہ آپریشنز کی پلاننگ بھی کی۔اس موقع پر پاکستان نیوی کے مشن کمانڈر اور سعودی بحری افواج کی جانب سے مشقوں کے ڈائریکٹر نے ہاربر فیز کی تمام سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ترجمان کے مطابق پاک-سعودی مشترکہ بحری مشق 'نسیم البحر' کے مقاصد میں دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز اور دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینا، بحری قذاقی کی روک تھام، اینٹی ایئر، اینٹی سرفیس، مائن وارفئیر اور فضائی آپریشنز کی مشقیں شامل ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک۔سعودی بحری افواج کے مابین منعقد کی جانے والی مشقیں بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات پر دور رس نتائج مرتب کریں گی۔