سلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے لودھراں سے مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار پیر اقبال شاہ کو مبارکباد دی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان، جہانگیر ترین کو سمجھ آجانا چاہئے کہ عوام کو خریدا نہیں جاسکتا۔ عمران خان کو جو کنٹینر 2018ء کے انتخابات بعد سجانا ہے اسے سجانا شروع کردیں اللہ کے فضل سے آج ن لیگ کے الیکشن کا چاند لودھراں سے نکل آیا ہے۔ نواز شریف، ن لیگ نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے جس کا نتیجہ نکل رہا ہے۔ عمران خان کو 2018ء کے الیکشن میں شکست نظر آرہی ہے، لودھراں کے عوام نے جھوٹ، گالی گلوچ اور انتشار پر مبنی سیاست دفن کردی۔ ملک دیکھ رہاہے کہ نواز شریف کی نااہلیت، اہلیت میں بدل رہی ہے۔ نواز شریف اہل ہیں یا نااہل عوام کی عدالت فیصلہ سنا رہی ہے۔ لودھراں میں جیت نواز شریف کی عدل، ووٹ کے تقدس کی بحالی تحریک کی فتح کی پہلی نوید ہے۔ ن لیگ کی مسلسل کامیابیاں ثبوت ہیں عوام ترقی، خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ ہیں۔ چند سیاسی اندھوں کے سوا پورا پاکستان دیکھ رہا ہے عوام عام انتخابات میں بھی دھرنوں، لاک ڈائون، کنٹینر سیاست کو مسترد کردیں گے۔ عوام کی عدالت فیصلہ سنا رہی ہے اور نوٹس پر نوٹس جاری کررہی ہے۔ عمران آپ کی قسمت میں لوگوں کی خدمت ہے ہی نہیں۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی بے بنیاد وجہ پر مسترد کئے گئے۔ فنی اعتراضات پر اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کو قانونی طور پر درست نہیں سمجھتے۔ اسحاق ڈار قائد نواز شریف کے سپاہی ہیں ہر فورم پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ اسحاق ڈار نے دو کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے انہوں نے ملک و قوم کیلئے انتھک کام کیا، ان کی کاوشوں کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں سراہا گیا۔