کراچی (اسپورٹس پورٹر) باکسر محمد وسیم نے اسلام آباد کا باکسنگ ہال برطانوی باکسر عامر خان کے نام کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر خان نے پاکستان کی کبھی نمائندگی نہیں کی لیکن ان کیلئے قومی ہیروز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔باکسر محمد وسیم کراچی کے پی ایس بی کوچنگ سینٹر میں کروڑوں روپے سے تیار باکسنگ ارینا پہنچے اور برسوں سے ویران اس ارینا کو آباد کرنے کا عزم لیے اس کی صفائی کا عمل شروع کیا۔ انہوں نے حکومتی کی عدم توجہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں باکسنگ ہال عامر خان کے نام کرنے پر شکوہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عامر خان نے آج تک پاکستان کے لیے کوئی فائٹ نہیں لڑی جبکہ انہوں نے پاکستان کو کئی میڈلز جتوائے اور چیمپیئن بنوایا لیکن اس کے باوجود ان کی کوئی قدر نہیں، قومی ہیروز کو نظر انداز نہ کیا جائے۔محمد وسیم نے کہا کہ اگر کراچی کا باکسنگ ارینا ان کے نام کیا جائے تو وہ مفت کوچنگ دینے کو تیار ہیں۔واصح رہے کہ پی ایس بی کوچنگ سینٹر کے باکسنگ ارینا کو پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سابق صدر ڈاکٹر انور چوھدری سے منسوب کیا گیا ہے۔