لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں زندگی کے تمام شعبوں میں ریکارڈ ترقی ہوئی ہے بالخصوص تعلیم، صحت اور انرجی سیکٹر میں بڑے منصوبوں کی بروقت تکمیل مسلم لیگ ن کا اہم کریڈٹ ہے۔ حمزہ شہباز برطانوی کمشن کے پولیٹیکل قونصلر ولیم میڈلیٹن سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات کا بروقت انعقاد سسٹم کی مضبوطی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے وگرنہ سازشی عناصر کو کھل کر کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ عام آدمی مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی سے مطمئن ہے اور اس کا برملا اظہار آئندہ انتخابات کے مینڈیٹ سے ہوگا۔ پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی محاذ پر کئی ایک چیلنجوں کا سامنا ہے گزشتہ عشرے میں پاکستان نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے جس سے ہمیں بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ہمارے عسکری اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ حمزہ شہباز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی قیادت ملک کو تمام بحرانوں سے نکالے گی اور عوام کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک دینے میں کامیاب ٹھہریں گے، برطانوی ہائی کمشن کے پولیٹیکل قونصلر ولیم میڈلٹن نے حمزہ شہباز کو بتایا کہ برطانیہ اور پاکستان کے مابین تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔
عام آدمی مسلم لیگ ن سے مطمئن برملا اظہار الیکشن میں مینڈیٹ سے ہوگا: حمزہ شہباز
Feb 13, 2018