ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ، دیندرا ڈوٹن دنیا کی نمبر ایک آل رائونڈر بن گئیں

Feb 13, 2019

دبئی (اے پی پی) ویسٹ انڈیز کی دیندرا ڈوٹن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دنیا کی نمبر ایک آل رائونڈر بن گئیں، انہوں نے ہم وطن کھلاڑی سٹیفنی ٹیلر سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، بلے بازوں میں بسمعہ معروف نے 3 درجے ترقی پا کر جویریہ خان سے 15ویں پوزیشن شیئر کر لی، بائولرز میں ثناء میر 6 درجے ترقی پا کر 28ویں نمبر پر آ گئیں۔ منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس پہلے نمبر پر براجمان ہیں، بھارت کی روڈریگائز 4 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئیں، دیندرا ڈوٹن نے 2 درجے بہتری کے ساتھ تیسری پوزیشن سنبھال لی، سٹیفنی ٹیلر 3 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئیں، سمریتی مندھانہ 4 سیڑھیاں چڑھ کر چھٹے نمبر پر آ گئیں، ہرمنپریت کور 4 درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئیں، متھالی راج تین درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئیں، ڈینی وان نائیکرک تین سیڑھیاں چڑھ کر 12ویں نمبر پر آ گئیں، پاکستان کی بسمعہ معروف نے 3 درجے ترقی کے ساتھ ہم وطن کھلاڑی جویریہ خان سے 15ویں پوزیشن شیئر کر لی، جویریہ خان ایک درجے تنزلی کا شکار ہوئی ہیں، بائولرز میں میگن شٹ سرفہرست ہیں، شبنم اسماعیل 4 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں داخل ہو گئیں، رادھا یادیو کی 18 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں انٹری ہوئی ہے، پاکستان کی ندا ڈار 4 درجے تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر چلی گئیں، پاکستان کی انعم امین 2 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں داخل ہو گئیں۔

مزیدخبریں