اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ادارہ فروغ قومی زبان نے نامور فلسفی ہیگل کی شہرۂ آفاق کتاب ’’دی فلاسفی آف ہسٹری‘‘ کا اردو ترجمہ شائع کردیا ہے۔ مترجمین میں پاکستان کے نامور فلاسفر نسیم احمد اور ڈاکٹر اقبال آفاقی شامل ہیں۔ ’’فلسفۂ تاریخ‘‘ کو چار حصوں شرقی دنیا، سرزمین یونان، دنیائے روم اور جرمن قوم کی دنیا میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے کئی ذیلی ابواب بھی ہیں۔ چارلس ہیگل کے مقدمے کو بھی ’’فلسفۂ تاریخ‘‘ میں اردو میں ترجمہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر افتخار عارف نے کہا کہ جہانِ علم و دانش میں تاریخ و فلسفہ کے حوالے سے جی ڈبلیو ایف ہیگل کا شمار نہایت متعبر و مشہور اساتذہ و دانشوروں میں ہوتا ہے۔ ان کی اس کتاب کا شمار دنیائے علم کی عظیم کتب میں ہوتا ہے۔ اردو زبان کے فروغ کیلئے تراجم کی ضرورت اور اہمیت کا احساس اس زبان کی علمی دنیا میں قد جماتے ہی کرلیا گیا تھا۔