لاہور(خصوصی نامہ نگار)سیکرٹر ی جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کشکول کی معیشت اور ڈھول کی سیاست سے تبدیلی نہیں آسکتی ۔ دیرپا تبدیلی کے لیے نظریہ پاکستان کو بنیاد بنا کر اپنے لوگوں پر اعتماد اور خود انحصاری کا باعزت راستہ اختیار کرناہوگا ۔مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی اور مشرف حکومتوں کا ستیاناس کرنے والے اکٹھے ہو کر اب موجودہ حکومت کا ستیاناس کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ ان سے معیشت درست ہو سکتی ہے نہ حکومت چلتی ہے ۔ یہ بھان متی کا کنبہ ہے اینٹ کہیں کی اور روڑا کہیں کاہے اسی لیے ایک کا منہ مشرق اور دوسرے کا مغرب کی طرف ہے ۔ اب اسٹیبلشمنٹ کو بھی مائنڈ سیٹ بدلنا ہوگا ۔ 70 سالہ ناکام تجربات کے باوجود سنبھلنے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اداروں سے سیاست کا خاتمہ کرنے کے بلند و بانگ دعوے کرنے والوں نے اداروں میں مدا خلت کو اپنا وطیرہ بنالیاہے ۔ احتساب کے نعرے لگاتے ہیں لیکن جب اپنے وزیر اور رشتہ دار احتساب کی زد میں آتے ہیں تو یہ چپ سادھ لیتے ہیں ۔ کرپٹ مافیا پی پی ، مسلم لیگ ، پی ٹی آئی اور اداروں میں ہر جگہ موجود ہے ۔ یہ مافیا چاہتاہے کہ احتساب کا سلسلہ بند ہو جائے اور انہوںنے جو لوٹ مار کی ہے ، اس کے بارے میں ان سے کوئی پوچھنے والا نہ ہو لیکن قوم اب بے لاگ احتساب اور لوٹی گئی دولت کی واپسی پر کمپرومائز کرنے کو تیار نہیں۔ پاکستان کو بچانا ہے تو احتساب کرنا اور قومی خزانے کو لوٹ کر دولت باہر منتقل کرنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کرنا ہوگی ۔
کشکول کی معیشت اور ڈھول کی سیاست سے تبدیلی نہیں آسکتی: لیاقت بلوچ
Feb 13, 2019