شیل گیس کی تلاش کیلئے کام تیز سندھ کی کنر آئل فیلڈ میں ڈرلنگ 2487 میٹر گہرائی تک پہنچ گئی

Feb 13, 2020

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) حکومت نے ملک میں شیل گیس کے ذخائر سے پیداوار حاصل کرنے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے۔ سندھ میں کنر آئل فیلڈ میں شیل گیس کی تلاش کے لئے ڈرلنگ 2487 میٹر گہرائی تک پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے حیدر آباد کے قریب کنر کے یو سی۔01 ویل میں ڈرلنگ پچھلے سال 14 ستمبر سے جاری ہے۔ یہ منصوبہ شیل گیس کی تلاش کے لئے پہلے آزمائشی منصوبے کے طور پر شروع کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ارضیاتی اور انجینئرنگ کے اعداد وشمار جمع کرنا ہے۔ او جی ڈی سی ایل اور یونائٹڈ انرجی پٹرولیم لمیٹڈ سندھ میں شیل (سلیٹی) تیل اور گیس کی تلاش کے لئے سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ کنر آئل فیلڈ میں شیل گیس کی تلاش کے اس منصوبے میں 3910 میٹر تک ڈرلنگ کی جائے گی۔

مزیدخبریں