سانحہ مظفرگڑھ: 8 افراد سپردخاک، شہر میں سوگ، متاثرہ خاندان کیلئے مالی امداد کی سفارش

Feb 13, 2020

مظفرگڑھ (نامہ نگار) تین منزلہ عمارت زمین بوس ہونے سے جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کی نمازہ جنازہ گزشتہ روز ادا کردی گئی۔ نمازہ جنازہ میں ہزاروں افراد سمیت ممبران اسمبلی، آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر کی بھی شرکت۔ تاجروں کی طرف سے ایک روزہ سوگ کے اعلان پر گزشتہ روز تمام کاروباری مراکز بند رہے۔ 2 افراد کی لاشیں نمازجنازہ اور تدفین کے لیے ملتان منتقل کی گئیں جبکہ 6 افراد کی نمازہ جنازہ فیاض پارک میں ادا کردی گئی۔ ایک ہی خاندان کے چھ افراد کے جنازہ اٹھنے پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ جبکہ زمین بوس ہونیوالی عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے ریسکیو آپریشن کا کام دوسرے روز بھی جاری رہا۔مشیر وزیراعلی پنجاب سردار عبدالحئی دستی نے بھی متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندان کیساتھ اظہار تعزیت کیا۔ دریں اثناء متاثرہ خاندان کے سربراہ کی مالی امداد کے لیے ڈپٹی کمشنر امجد شعیب ترین نے کمشنر ڈیرہ غازی خان کو سفارش کردی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان کو لکھے جانے والے خط میں ڈپٹی کمشنر امجد شعیب ترین کا کہنا تھا کہ المناک حادثے میں محمد شفیق کا پورا خاندان اجڑ گیا۔ 4 بچے، ماں، بیوی اور ساس، سسر جاں بحق ہوگئے اور جمع پونجی اور چھت بھی چھن گئی۔

مزیدخبریں