ترک صدرنے ہرفورم پرمسئلہ کشمیرکے حل کی کھل کرحمایت کی،ڈاکٹرعبدالقدیرخان

Feb 13, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)عالمی شہرت یافتہ ایٹمی سائنسدان اور ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے چیئر مین ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ قابل عزت شخصیت ہیں جو اپنے د ل میں امت مسلمہ کا درد رکھتے ہیں اور انہو ں نے کہا کہ وہ میانمار کے مظلوم مسلمانوں کا مسئلہ ہو یا فلسطین کا یا پھر کشمیر کا ترک صدر نے ہمیشہ عالمی پلیٹ فارموں پر اس کی آواز بلند کی۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں ڈاکٹرقدیر نے مسئلہ کشمیر کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طیب اردگان نے ہر سطح پر پرزور اور کھل کر حمایت کی جو قابل ستائش ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک ترکی نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طیب اردگان کے دور میں پاک ترک تعلقات میں مثالی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے ترک صدر کی عالم اسلام اور پاکستان کے لئے کی گئی ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو بے حد سراہا ہے اور انہیں حقیقی مسلم لیڈر قرار دیا۔ دریں اثناء ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت ورک نے بتایا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی ہدایت پر ہسپتال کے 2700سکوائرفٹ کا ایک مکمل فلور صدر طیب اردگان کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ کو باقاعدہ طورپر مطلع کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر نے عالم اسلام کے لئے موثر اور بھرپور کردار ادا کیا ہے جس کے باعث ہم نے ہسپتال کے ایک فلور کو ان کے نام سے منسوب کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے شوکت ورک نے مزید کہا کہ ترک صدر کی مسلم امہ کیلئے کی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں