ریاض (وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین عمرہ کی ادائیگی کے بعد روضہ رسولﷺ پر حاضری کیلئے مدینہ منور پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے ملک کی سلامتی اورکشمیریوں کیلئے خصوصی دعا کی ۔ صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم عمران خان کی حکومت کے اتحادی ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پانچ سال پوری کرے۔ اس لئے پاکستان اور عمران خان کی حکومت کیلئے خصوصی طور پر دعا کی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کیا مشورہ دینا ہے یہ پاکستان واپس جا کر انہیں بتاؤں گا۔ پاکستان بڑا خوبصورت اور امن و بھائی چارے کے کلچرکو فروغ دینے والا ملک ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ بہت جلد پاکستان معاشی بحران سے نکل آئے گا۔