این ایف سی: پنجاب کو رواں مالی سال 249.4 ارب کم ملنے کا انکشاف

لاہور (کامرس رپورٹر) رواں مالی سال 2019-20 میں جولائی سے جنوری (7ماہ )کے دوران پنجاب کو این ایف سی کے تحت 249.4ارب روپے کم ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت خزانہ پنجاب کی وفاقی وزارت خزانہ کو ارسال کی جانے والی دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران پنجاب کو قابل تقسیم محاصل کی مد میں 684.5ارب روپے ملے جبکہ اس مدت کے لئے پنجاب کا حصہ 933.9ارب روپے بنتا ہے کیونکہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے لئے ٹیکس وصولی کا ہدف 5555ارب روپے مقرر کیا ہے اور پنجاب کو رواں مالی سال کے لئے این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں 1601ارب روپے فراہم کئے جائیں گے جس کے مطابق سات ماہ کے لئے این ایف سی کے تحت پنجاب کا حصہ 933.9ارب روپے بنتاتھا۔ ایف بی آر رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے لئے ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اسے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ٹیکس وصولی میں 287ارب روپے کے شاٹ فال کا سامنا ہے جس کے باعث پنجاب کو اس کے مقررہ حصے سے کم فنڈز ملے ارسال کی گئی۔ دستاویز میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ وفاق نے پنجاب کے نٹ ہائیڈرل پرافٹ کی مد میں 6ارب روپے کی ادائیگی کی ہے جبکہ ابھی بھی اس مد میں وفاق کے ذمے 36ارب روپے واجب الادا ہیں۔

ای پیپر دی نیشن