اسلام آباد‘راولپنڈی (سٹاف رپورٹر‘اپنے سٹاف رپورٹر سے ‘وقائع نگار خصوصی) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق طیب اردگان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ ترک صدر آج 13 سے 14 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق صدر طیب اردگان کے ساتھ کابینہ ارکان، سینئر حکام اور ترک کارپوریشنز کے سربراہان پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔ ترک صدر کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی جبکہ دونوں رہنما پاک ترک اعلیٰ سطح سٹرٹیجک مشترکہ سیشن کی صدارت بھی کریں گے۔ ترک صدر کے دورے کے دوران اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ ترک صدر طیب اردگان پاکستانی ہم منصب سے ملاقات جبکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ طیب اردگان اور عمران خان پاک ترک بزنس اینڈ انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی گہرے تعلقات ہیں۔ ترکی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سائپرس کے معاملے پر پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان ترکی کیساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید گہرا اور وسیع کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور اسلامی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔