کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان اسمبلی میں سپیکر اور صوبائی وزیر خزانہ میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ سپیکر عبدالقدوس بزنجو اور وزیر خزانہ ظہور بلیدی کے درمیان تلخ کلامی یونیورسٹی کے بجٹ پر ہوئی۔ ظہور بلیدی نے کہا کہ بولان میڈیکل یونیورسٹی کا بل پچھلی حکومت نے پاس کیا تھا۔ ایکٹ کے تحت یونیورسٹی کو کمرشل کیا جا رہا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نااہل ہیں انہیں گورنر کی حمایت حاصل ہے۔ سپیکر نے وزیر خزانہ کو ٹوک دیا کہ آپ گورنر کیخلاف اسمبلی میں بات نہیں کرسکتے۔ آپ اسمبلی میں غلط بیانی کررہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے کوئی غیر پارلیمانی بات نہیں کی میں سمجھتا ہوں کہ میڈیکل کالجز سے متعلق مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ غلط ہوا۔ میں سمجھتا ہوں کہ نااہل وائس چانسلر نے بولان میڈیکل کالج کو تباہ کر دیا۔ منگل کو اجلاس میں بات ہوئی کہ ایسا میکنزم بنائیں گے جو سب کوقابل قبول ہو۔ سپیکر نے کہا کہ آپ اس معاملے میں گورنر کو شامل نہ کریں بلکہ ایکٹ میں ترمیم کریں۔