لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راونڈر محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن قانونی قرار دے دیا گیا ہے اور اب وہ انٹرنیشنل مقابلوں میں بائولنگ کر سکیں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن آئی سی سی کی منظور شدہ لاہور کی مقامی یونیورسٹی کی بائیو مکینک لیب میں لیا گیا جس میں ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد میں پایا گیا۔آئی سی سی کی جانب سے حتمی اعلان ہونے کے بعد محمد حفیظ عالمی مقابلوں کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)میں بطور آل رانڈر بالنگ کروا سکیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں انگلش کرکٹ بورڈ نے قومی آل رانڈر محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے سبب وہ انگلش کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ایونٹس کے ساتھ ساتھ عالمی ایونٹس میں شرکت سے محروم ہو گئے تھے۔محمد حفیظ کا ایکشن اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کئی مرتبہ رپورٹ ہو چکا ہے اور انہیں متعدد مرتبہ پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے تاہم ہر بار وہ اپنے ایکشن کو کلیئر کرانے میں کامیاب رہے۔