جے وی اوپل کیس : بلاول بھٹو آج نیب میں پیش ہوں گے

Feb 13, 2020 | 09:34

ویب ڈیسک

راولپنڈی : جے وی اوپل کیس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آج نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب ) راولپنڈی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کو 13 فروری کوطلبی کا سمن جاری کیا گیا تھا۔ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد بلاول بھٹو نے نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔ بلاول بھٹو کو نیب کی جانب سے سوالنامہ بھی دیا گیا ہے۔ نیب نے زرداری گروپ کمپنی کا 2008 سے 2019 تک کا تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کے ساتھ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کررکھی ہے۔
چیئرمین  پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پراپنی ذاتی کمپنی کے لئے 1.22بلین روپے جعلی اکاونٹ سے نکلوانے کا الزام ہے ۔ نیب نے آڈٹ رپورٹ اور بلاول کے دستخط شدہ دستاویزات حاصل کر لی ہے جبکہ چئیرمین نیب نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔ نیب کی جانب سے بلاول بھٹو کو آج  چوتھی مرتبہ طلب کیا گیا ہے۔ جس میں وہ صرف ایک بار پیش ہوئے ہیں ۔بلاول بھٹوکی پیشی کے موقع پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اورنیب راولپنڈی اورنیب اولڈ ہیڈ کوارٹرکے باہرسکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں ۔اس سے قبل 24 دسمبر کو نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو کو جے وی اوپل کیس میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیاگیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق صدر آصف زرداری کی جعلی اکاؤنٹس کیس میں طبی بنیاد پر ضمانت ہوچکی ہے۔ جبکہ 17 دسمبر بروز منگل اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاونٹس کیس میں ایک کروڑ روپے ضمانتی مچلکوں کے عوض فریال تالپور کی ضمانت بھی منظور کرلی تھی۔

مزیدخبریں