سعودی عرب میں ہر کوئی بہت میٹھا اور مہمان نواز تھا۔سعودی بہت اچھے اور مَحَبَّت کرنے والے لوگ ہیں۔‘‘
یہ الفاظ ہیں پیرس ہلٹن انٹرٹینمنٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) پیرس ہلٹن کے۔ انھوں نے حال ہی میں سعودی عرب کا پہلا دورہ کیا ہے اور وہ سعودیوں کی مہمان نوازی پر اب رطب اللسان ہیں۔
انھوں نے ایک خصوصی انٹرویو میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہے:’’ میرا (مملکت میں) بہت اچھا وقت گزرا ہے۔ میرے خیال میں سعودی بہت خوب صورت اور بہت محبت کرنے والے لوگ ہیں۔‘‘
پیرس ہلٹن سوشل میڈیا کی ایک مقبول عام اسٹار ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے پیروکاروں کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ سے زیادہ ہے اور ٹویٹر پر ان کے پیروکاروں کی تعداد ایک کروڑ ستر لاکھ سے متجاوز ہے۔
انھوں نے ملکن انسٹی ٹیوٹ کی 2020ء مڈل ایسٹ اور افریقا سمٹ کے موقع پر سوشل میڈیا کی ایک کامیاب اور بااثر شخصیت ہونے کے ناتے اپنے تجربے کے بارے میں اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا :’’ مشرقِ اوسط حقیقی معنوں میں ایک جادوئی جگہ ہے۔میرے خیال میں یہاں لوگ بہت شاندار ہیں، ہوٹل ،خریداری اورکاروبار کے یہاں شاندارمواقع ہیں ۔‘‘
انھوں نے دبئی کو اپنی اثراندازی کے حوالے سے ایک شاندار جگہ قراردیا ہے۔ان کے بہ قول اس کا پس منظر کا ماحول بہت زبردست ہے،دبئی مال بہت اچھا ہے۔
پیرس ہلٹن نے کہا کہ ’’ ایک حقیقی اثرانداز ہونے والی شخصیت اور مواد کے تخلیق کار کے ناتے سب سے اہم بات یہ یاد رکھنے کی ہے کہ آپ اپنے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کو درست انداز میں استعمال کریں۔‘‘
انھوں نے تجویز پیش کی ہے کہ:’’ اگر آپ میں ٹیلنٹ ہے، تو پھر آپ اپنے فون اور فلم کے مواد کو استعمال کرسکتے ہیں۔اس کو استعمال میں لائیے اور کوئی ایسی چیز پیش کیجیے جو آپ کے مداحوں اور شائقین کے (مزاج کے) مطابق ہو۔‘‘
’’یہ بہت ہی آسان ہے،لیکن شرط یہ ہے کہ آپ جو کچھ کررہے ہیں،اس میں آپ کو یقین ہو اور آپ سخت جانفشانی سے کام کریں اور اچھا مواد پیش کریں۔‘‘ان کا مزید کہنا تھا۔
دبئی میں اس سال عالمی نمائش 2020ء منعقد ہورہی ہے۔پیرس ہلٹن کا کہناہے کہ انھیں اس نمائش میں مدعو کیا گیا ہے اور انھیں توقع ہے کہ وہ اس میں شریک ہوں گی۔
انھوں نے اپنی گفتگو کے اختتام میں کہا کہ ’’میں اب ہر کسی کے لیے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ آپ کے لیے 2020ء خوشیوں بھرا سال ثابت ہو۔ہر کسی کو اپنے خوابوں کی تعبیر کا حق حاصل ہے۔میں آپ سب سے محبت کرتی ہوں، مجھے اس مشرقِ اوسط سے محبت ہے۔‘