اقوام ِمتحدہ کے امن مشن میں تعینات پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند کردیا امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز بھی پاکستانی خواتین فوجی افسران کی کارکردگی اور خدمات سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔ایلس ویز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کانگو میں اقوام متحدہ کی امن فوج میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی خواتین سے متاثر ہوں۔ پاکستانی خواتین افسران نے مقامی آبادی کا اعتماد جیتنے کے لیئے سخت محنت کی ہے۔ ایلس ویلز کی یہ تعریف پاکستانی خواتین کو اقوام متحدہ کی جانب سے میڈل ملنے پر سامنے آئی ہے۔ کانگو میں پاکستانی خواتین پر مشتمل امن فوجیوں کے 15 رکنی دستے کو بہترین کارکردگی پر میڈل سے نوازا گیا ہے۔ یہ ٹیم اقوام متحدہ کے دنیا بھر میں موجود امن دستوں کی پہلی ٹیم ہے جو صرف خواتین افسران پر مشتمل ہے۔ اس ٹیم میں ماہر نفسیات، ڈاکٹرز، نرسز، انفارمیشن آفیسر، لاجسٹک آفیسر سمیت دیگر افسران شامل ہیں جنہوں نے انتہائی لگن اور انتھک محنت کے ساتھ دیار غیر میں پیشہ وارانہ کارکردگی سے دنیا کو متاثر کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ اس وقت اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنز میں 78پاکستانی پیس کیپرز خواتین افسران نوبل کاز میں شریک ہیں۔19 جون 2019 کو کانگو میں خواتین افسران کی پہلی ٹیم تعینات ہوئی۔ اس وقت کانگو میں پاکستانی خواتین پیس کیپرز کی دو ٹیمیں کام کر رہی ہیں جب کہ تیسری ٹیم سنٹرل افیقین ری پبلک میں 20 مارچ 2020 سے کام شروع کر دے گی۔ مجموعی طور پر اب تک 450 پاکستانی پیس کیپرز خواتین افسران مختلف مشنز میں کام کر چکی ہیں اور ٹیم ورک کے ساتھ ساتھ انفرادی کارکردگی میں بھی سب سے آگے ہیں۔2019کے کانگو مشن میں بہترین کارکردگی پر میجر سمعیہ کو اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی کی جانب سے سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔5 گھنٹے میں 25 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے Dancon Marchکی واحد خاتون افسر کا اعزاز میجر عروج عارف نے حاصل کیا۔ اسی طرح میجر سعدیہ کو دو سال کے لیئے اقوام متحدہ کی ٹریننگ ٹیم کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔39پاکستانی خواتین پیس کیپرز سنٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبیلیٹی سے تربیت یافتہ ہیں جب کہ 23 پیس کیپرز نے عالمی اداروں سے تربیت حاصل کی ہے۔عالمی امن کے لیئے پاکستان کا انتہائی اہم کردار ہے۔ اقوام متحدہ امن مشنز میں پاک فوج ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے۔ اب جب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سولہ سے 19فروری تک پاکستان کا تاریخی دورہ کر رہے ہیں یہ ایک طرح سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی خدمات کا اعتراف بھی ہے اور اس دورے کے ذریعے اقوام عالم میں پاکستان کی عالمی امن کے لیئے دی گئی قربانیاں مزید اجاگر ہوں گی۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل جہاں اس ہفتے پاکستان کا تاریخی دورہ کر رہے ہیں وہاں اقوام متحدہ میں پاکستانی خواتین پیس کیپرز کی کارکردگی کا خوب چرچا ہے۔اقوام متحدہ نے پاکستانی خواتین پیس کیپرز کی خدمات کو خوب سراہا ہے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعینات پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند کردیا:ایلس ویلز
Feb 13, 2020 | 14:19