معاون خصوصی احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی طرف سے ڈھیل دی جاتی ہے۔ عدالت نے بلاول بھٹو کو بے گناہ نہیں، معصوم کہا تھا، بلاول بھٹو گمراہ کرتے ہیں کہ جائیداد کی خریداری کے وقت وہ 7سال کے تھے، 2011 میں خریدی گئی جائیداد کے کیس میں بلاول کو بلایاگیا، کاش بلاول بھٹو نے کچھ تعلیم پاکستان میں حاصل کی ہوتی قانون سے کوئی مبرا نہیں، اگر بلاول کو کہیں بلایا جاتا ہے تو انہیں جواب دینا پڑے گا۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ارب 22 کروڑ روپے کی بینک ٹرانزیکشن سے جائیدادیں خریدی ہیں۔ بلاول بھٹو یہ کہہ کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ تمام معاملہ اس وقت کا ہے جب وہ 7 سال کے تھے، حقیقت یہ ہے کہ یہ زمینیں 2011 سے 2014 کے دوران خریدی گئیں، جب ان کے والد صدر مملکت تھے۔ جب کمپنی بنی اس وقت وہ 7 سال کے تھے، جس وقت یہ سارا کام چل رہا تھا اس وقت وہ عاقل و بالغ ہوچکے تھے۔شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شریف آدمی سیاست میں آکر غریب ہوجاتا ہے، وہ اپنی جائیدادیں اور زمینیں بیچ کر خرچے پورے کرتا ہے لیکن آپ ایسے ہونہار ہیں کہ آپ کے والد صدر مملکت ہیں اور آپ کے اثاثے ظاہر کئے گئے ہیں لیکن اس پر بھی آپ نے اتنی جائیدادیں بنالیں، اس کی پوچھ گچھ کے لیے آپ کو بلایا گیا۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ نے انہیں بے گناہ قرار دیا ہے، کاش انہوں نے تھوڑی سی تعلیم پاکستان میں بھی حاصل کی ہوتی، سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی رپورٹ پیش کی گئی تھی، عدالت میں وکلا اور بینچ کی طرف سے زبانی باتیں بہت ہوتی ہیں، عدالت نے بلاول کو بے گناہ نہیں بلکہ معصوم کہا تھا لیکن ایسی بات تو شیخ رشید بھی بلاول کے بارے میں کہتے ہیں۔ ایسی چیزوں کو دل پر نہیں لینا چاہیے، سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم میں بلاول بھٹو زرداری کے لیے واضح احکامات دیئے ہیں۔شہزاد اکبر نے کہا کہ قانون سے کوئی مبرا نہیں، اگر بلاول کو کہیں بلایا جاتا ہے تو انہیں جواب دینا پڑے گا۔ بلاول بھٹو کو کہیں سے کوئی سرٹیفکیٹ نہیں ملا کہ انہیں ہاتھ نہیں لگایا جاسکتا۔ ایسا پرانے پاکستان میں تھے، اب ایسا نہیں، سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں لکھا ہے کہ یہ معاملہ نیب کو بھجوایا جارہا ہے۔ نیب الہامی طریقے سے تفتیش نہیں کرسکتا، کیا وہ قانون سے اتنی بالاتر شخصیت ہیں کہ کوئی انہیں بلا نہیں سکتا۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے تفتیش کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جھوٹ بولا، اسی جھوٹ کی بنیاد پر انہیں دوبارہ بلایا گیا اور دستاویزات مانگی گئیں۔ میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی جانب سے زیادہ ڈھیل دی جارہی ہے۔ ایک عام شخص تحقیقات کے دوران جھوٹ بولے تو اسے فورا جیل میں بند کردیا جاتا ہے لیکن بلاول ناصرف نیب کے سامنے بلکہ باہر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔