وزیراعظم کی اشیاء میں ملاوٹ اورمہنگائی کےخاتمہ کیلئےہفتہ کےاندرلائحہ عمل وضع کرنےکی ہدایت

Feb 13, 2020 | 23:11

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف اشیاء میں ملاوٹ اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے ایک ہفتے کے اندر قومی لائحہ عمل وضع کریں۔انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ وہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایک ہفتے کے اندرموثر حکمت عملی پیش کریں۔وزیراعظم نے خبردار کیاکہ دودھ ، چینی ،چاول اور گوشت سمیت کھانے پینے کی مختلف ضروریہ اشیاء کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عمران خان کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کی آن لائن فراہمی کے بارے میں اقدامات ، قیمتوں کے بارے میں موبائل ایپلیکشن کے آغاز اور ملک کے تمام بڑے شہروں میں کسانوں کی سہولت کیلئے زرعی منڈیاں قائم کرنے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم نے سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش ظاہرکرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ملک میں اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ' ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کی روک تھام کیلئے حکومت کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات کے بارے میں وزیراعظم کی خصوصی معاون ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے طلب و رسد کا قومی سیل قائم کیا جارہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔

مزیدخبریں