پاکستان اور ترکی نے دو طرفہ قومی مفاد کے اہم امور پر باہمی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں موجود وسیع گنجائش سے بھر پور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔یہ اتفاق رائے صدر عارف علوی اور انکے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کے درمیان جمعرات کی شام اسلام آباد میں ایک ملاقات کے دوران طے پایا۔
انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور موثر تجارتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر بھی زور دیا۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر اور کثیر الجہتی رابطوں پر اظہار مسرت کیا۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی اسٹرٹیجک کونسل کے چھٹے اجلاس سے پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہونگے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے صدر رجب طیب اردوان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر انکے اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا۔