یمنی حوثی ملیشیا نے سعودی ایئربیس پر میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

صنعا(شِنہوا)یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی ایئربیس پر بیلسٹک میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔حوثیوں کے زیراہتمام چلنے والے المسیرہ ٹیلی ویڑن پر نشر ہونیوالے ایک بیان میں حوثی ملیشیا کے ترجمان یحیی ساریہ نے کہا کہ ہماری فورسز کی جانب سے فائر کیا جانیوالا ایک بیلسٹک میزائل خمیس مشیط شہر میں قائم شاہ خالد ایئربیس پر گرا۔ اس نے ہدف پر درست نشانہ لگایا۔ایک دن قبل ہی ملیشیا نے سعودی عرب کے ابھا ایئرپورٹ پر بم سے لدے ڈرون سے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس کے باعث ایک مسافر طیارے کو آگ لگ گئی تھی۔یمن 2014 کے بعد سے ہی خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے جب ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے ملک کے متعدد شمالی صوبوں پر قبضہ کرکے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کردہ صدر عبد ربو منصور ہادی کی حکومت کو دارالحکومت صنعا سے نکلنے پر مجبور کر دیا تھا۔سعودی قیادت میں عرب اتحاد نے 2015 میں ہادی حکومت کی حمایت کیلئے یمنی تنازعہ میں مداخلت کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن