شدیددھند، موٹر وے بند، فضائی آپریشن متاثر، قصور، گجرات، حادثات میں 4 جاںبحق

Feb 13, 2021

لاہور+ قصور+ سیالکوٹ+ کمالیہ+ گجرات (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران+ این این آئی) لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے اطراف میں شدید دھند کی وجہ سے فضائی آپریشن بری طرح متاثر رہا،دھند کے باعث ابوظہبی اور دوحہ سے آنے والی پروازیوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا،بیرون اور اندرون ملک کیلئے آنے جانے والی 9 پروازیں منسوخ جبکہ 8 پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔ شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے کو کئی مقامات سے بند رکھا گیا ۔قصور میں میانوالہ گھاٹ بائی پاس کے قریب تلونڈی کے رہائشی موٹرسائیکل سوار دھند کے باعث سامنے سے آنیوالے ٹرک سے ٹکر اگئے جس کے نتیجہ میں دونوں موٹرسائیکل سوارعبدالستار اور ایک کس نا معلوم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس تھانہ چونیاں سٹی مصروف کارروائی ہے۔ کمالیہ اور گردونواح میں شدید دھندچھائی رہی جس کے باعث ایم تھری موٹروے کو ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا جبکہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سیالکوٹ میں دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میںتین خواتین سمیت نو افراد زخمی ہو گئے۔ ڈسکہ روڈ پر موترہ سٹاپ پروین کی ٹرک کے ساتھ ٹکرسے 75سالہ علی اکبر، 26سالہ بیٹا سرفراز، ثناء بی بی، امتیاز اور اعظم زخمی ہو گئے۔ٹرک اور کیری ڈبہ میں تصادم میں دو خواتین بشریٰ اور سمبل زخمی ہو گئیں۔ ڈسکہ پسرور بائی پاس پر یو ٹرن لیتے ہوئے دو کاریں آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں دو بھائی عرفان بٹ اور عدنان بٹ زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گاؤں مکریاں کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل دھند کی وجہ سے بے قابوہوکرسڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار دو نوجوان 25 سالہ مرزا احسان ایوب اور 24عمر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو نوجوان حمزہ اور اس کا دوست شدید زخمی ہو گئے۔ جی ٹی روڈ پرمراڑیاں  کے قریب دھند کی وجہ سے چار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے 40سالہ شاہدہ اور 36سالہ زبیر شدید زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں