لاہور (خصوصی نامہ نگار)انجمن حمایت اسلام کی مجلس انتظامیہ نے چیئرمین پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سردار عثمان بزدار وزیرِاعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین ’’بند روڈسٹیشن‘‘ کا نام تبدیل کر کے ’’حمایتِ اسلام سٹیشن‘ ‘ رکھا جائے۔ سیکرٹری جنرل انجمن میاں محمد منیر کی صدارت میں اراکین نے کہا کہ انجمن حمایتِ اسلام قدیم لاہور کا ایک عظیم الشان رفاہی اور تعلیمی ادارہ ہے، جو (1884 میں) 136 برس پہلے قائم ہوا تھا۔ ملتان روڈ پر واقع حمایت اسلام دارالشفقت کی مناسبت سے ہی اسے ’’حمایتِ اسلام چوک‘‘ قرار دیا گیا تھا ۔اور کم خواندہ عوام اسے ’’یتیم خانہ‘‘ چوک بھی کہتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ مذکورہ سٹیشن (بند روڈ سٹیشن) جس اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے، وہ انجمن حمایتِ اسلام ہی کی ملکیتی تھی۔ انھوں نے کہاکہ حکیم الامت علامہ اقبال چالیس برس تک انجمن حمایتِ اسلام سے وابستہ رہ کر خدمات انجام دیتے رہے اور1934-37 کی مدت میں انجمن حمایتِ اسلام کے صدر کے عہدے پر فائز رہے، جب کہ بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور محترمہ فاطمہ جناح تیرہ مرتبہ انجمن حمایتِ اسلام میں تشریف لائے۔