کراچی(کامرس رپورٹر) ایف پی سی سی آئی اور جرمنی کا دونوں ممالک کے مابین تجارتی ، معاشی تعلقات مضبوط بنانے ، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر اتفاق۔ جرمن تاجروں کا بڑا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ جرمنی کے سفیر کا پاکستانی تاجروں کیلئے ویزا شرائط آسان بنانے ، پاکستانی مصنوعات کیلئے یورپی یونین تک رسائی کیلئے نمائشوں کے انعقاد ، بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی ۔ صدر وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت کی جرمنی کے تاجروں کو سی پیک، اقتصادی زونز، سیاحت ، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مکمل تعاون کی یقین دہانی ۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کے سفیر برنارڈ شلاگیگ نے گزشتہ روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے کیپٹل ہائوس اسلام آباد کا دورہ کیاجہاں انہوں نے صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوں ،سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم، نائب صدور اطہر سلطان چائولہ ، محمد حنیف لاکھانی،میاں انجم نثار ، محمد زاہد شاہ، قربان علی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تجارتی تعلقات ، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری روابط ، پاکستانی مصنوعات کی یورپی یونین سمیت عالمی منڈیوں تک آسان رسائی کو یقین بنانے سمیت ویزا شرائط سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور یوروپی یونین کی مضبوط ترین معیشت ہے، جرمنی کے ساتھ باہمی تجارتی توازن پاکستان کے حق میں ہے جو دونوں ممالک کے مابین اچھے معاشی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، دو طرفہ تجارتی حجم تقریبا3بلین امریکی ڈالر ہے، تجارت کے اعداد و شمار دونوں ممالک کے مابین موجود کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع سے مطابقت نہیں رکھتے ۔ میاں ناصر حیات مگو ںنے مزید کہا کہ بہت سی جرمن کمپنیاں پہلے ہی سے پاکستان میں کام کر رہی ہیں لیکن مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے جس کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ طور پر جدوجہد کرنا چاہیے ۔جرمنی کے سفیر برنارڈ شلاگیگ نے ایف پی سی سی آئی صدر اور ان کی ٹیم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کے حوالے سے سرگرمیوں سے بے حد متاثر ہوئے ہیں ۔ چیمبرز اور خاص کر ایف پی سی سی آئی کاروبار کو آسان بنانے، پاکستانی مصنوعات کی عالمی مارکیٹوں تک رسائی اور ملکی معیشت و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دو طرفہ تجارت3ارب امریکی ڈالر سے بھی زیادہ تھی جو پاکستان کے حق میں سرپلس کے ساتھ تھی تاہم اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کیلئے مزید گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال جرمنی کے ایک تجارتی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ٹیکسٹائل سے متعلق پاکستانی تاجروں سے کاروباری ملاقاتیں بھی کیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کیلئے ایک اور تجارتی وفد کے دورئہ پاکستان کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جو دونوں ممالک میں تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ جرمنی کے سفیرنے کہا کہ جرمنی پاکستان کیساتھ کاروباری تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔ جرمنی کے پاس ایسی عمارتوں کا کافی تجربہ ہے جو سردیوں میں گرم اور گرمیوں میں ٹھنڈا رہتا ہے ۔ یہ توانائی کے نقطہ نظر سے موثر ہے اور اس سے طویل عرصے میں خاصی بچت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ اور پیکیجنگ کے حوالے سے جرمنی کے پاس اچھی مشینری اور ٹیکنالوجی موجود ہے جو پاکستان کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتی ہے ۔معاشرے کی بڑی توجہ زراعت پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ دونوں ممالک تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت میں کافی حد تک ترقی ہوگی ۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اورپاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے ویزا شرائط آسان بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔
سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جرمن تاجروں کا وفد جلد دورہ کریگا، سفیر برنارڈشلا گیگ
Feb 13, 2021