اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس کے علاوہ مردان، شمالی وزیرستان، سوات اور باجوڑ ‘جہلم ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، مظفر آباد اور میرپور آزادکشمیر، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اور چترال میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ صوبہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ زلزلے کے جھٹکے جن علاقوں میں محسوس کیے گئے وہاں سے فی الحال کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پاکستان میٹ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 2 منٹ پر آیا جس کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے آفٹرشاکس بھی آسکتے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر تھا۔ زلزلے کی گہرائی 91.6 کلومیٹر تھی۔ دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ریسکیو پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی ریسکیو پنجاب نے ریسکیو 1122 کوہائی الرٹ کردیا تاہم ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل فعال ہے۔ زلزلے کے جھٹکے چین ، بھارت اور افغانستان میں بھی محسوس کئے گئے، آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں دیواروں میں دڑاڑیں، چھتوں سے چھلانگین لانے والے دو افراد زخمی ، مردان میں خاتون سمیت دو افراد بیہوش ہو گئے۔