اسلام آباد +کراچی ( نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر پورٹل کے مطابق مزید 1270 افراد متاثر جبکہ مزید 37 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 60 ہزار 363 جبکہ اموات 12 ہزار 234 تک پہنچ گئیں۔ مزید 1481 مریض صحتیاب، مجموعی تعداد 5 لاکھ 18 ہزار 164 ہے، فعال کیسز کی تعداد 29 ہزار 981 رہ گئی۔ سندھ میں مزید 371 کیسز ، 16 مریضوں کا انتقال ہوا۔ صوبہ پنجاب میں 484 نئے کیسز، مزید 12 مریض لقمہ اجل بنے۔ صوبہ خیبرپی کے میں 192 افراد متاثر، مزید 4 مریضوں کا انتقال ہوا، بلوچستان میں 18 کیسز رپورٹ، اموات 197 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 122 کیسز، 2 مریض انتقال کر گئے، آزاد کشمیر میں مزید 25 افراد متاثر، 3 مریض دم توڑ گئے، گلگت بلتستان میں 6 نئے کیس، اموات 102 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں پمزانتظامیہ کی جانب سے مختلف او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بچوں اور زچہ بچہ کی او پی ڈیز کھول دی گئی ہیںاور بچوں کی ویکسی نیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد 23لاکھ 79ہزار تک پہنچ گئی جبکہ مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10کروڑ82 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک 2379273 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا کے فعال متاثرین کی تعداد25425097 ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک میں مہلک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے پیش نظر کرونا ویکسین کی 200 ملین اضافی خوراکوںکی خریداری کے معاہدے کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر نے قومی ادارہ صحت کے دورے کے موقع پر کہا کہ اب ہم نے تمام امریکیوں کو کرونا ویکسین کی فراہمی کیلئے کافی تعداد میں ویکسین خریدی ہے اور اب ہم لاکھوں لوگوں کو ویکسین لگانے کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستان ڈرگ ریکولیٹری اتھارٹی نے چینی ویکسین کین سائنوکے ہنگامی حالات مین استعمال کی منظوری دیدی۔ درخواست اے جی ایم نامی کمپنی کی جانب سے دی گئی۔
کورنا : مزید 37 جاں بحق ، سندھ میں 93 فیصد مریض صحت یاب
Feb 13, 2021