عثمان ڈار نے معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑدیا ضمنی انتخاب کے بعد دوبارہ سنبھالیں گے

سیالکوٹ(نمائندہ خصوصی،نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے عہدہ چھوڑ دیا۔ کابینہ ڈویژن نے معاون خصوصی عثمان ڈار کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔ عثمان ڈار کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ کی ضمنی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس دیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عثمان ڈار ضمنی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور ضمنی انتخاب کے بعد معاون خصوصی کا دوبارہ عہدہ سنبھالیں گے۔ دوسری جانب عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بار بار نوٹس آ رہے تھے جس کے بعد وزیر اعظم کی مشاورت سے استعفی دیا۔انہوں نے کہا کہ این اے 75 کی انتخابی مہم میں بھر پور حصہ لوں گا۔تحریک انصاف نے علی اسجد ملہی کو اس حلقے سے میدان میں اتارا ہے، یہ نشست افتخارالحسن عرف ظاہرے شاہ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔مسلم لیگ ن کی طرف سے  ظاہرے شاہ کی صاحبزادی نوشین افتخار الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن