قائمہ کمیٹی داخلہ کی دہشت گردوں کیطرف سے پاک فوج پر بزدلانہ حملے کی مذمت

اسلام آباد(نا مہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئر مین کمیٹی سینیٹررحمان ملک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سابق سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کمیٹی اجلاس میں جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے چار جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہدا کے لئے دعا مغفرت کی گئی۔ قائمہ کمیٹی نے دہشت گردوں کیطرف سے پاک فوج پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ شہید جوانوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہدا اور ان کے لواحقین کو سلام و خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہمارے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، شکست دشمن عناصر کا مقدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت اپریشن کے ذریعے جنوبی وزیرستان کو ان سفاک دھشت گردوں سے مکمل پاک کیا جائے۔دشمن عناصر اسطرح کے بزدلانہ حملوں سے ملک میں امن و امان برباد کرنا چاہتے ہیں۔دشمن اپنی مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چوہدری اعتزاز احسن کے نام سے ٹویٹر پر جعلی اکانٹس کا معاملہ کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اعتزاز احسن کے نام سے چلنے والے جعلی اکانٹس کا نوٹس لیا تھا اور سینیٹ کی دو کمیٹیوں میں معاملے کو اٹھایا گیا تھا اور ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے جعلی اکانٹس کو فوری طور پر بند کرنے کا کہا تھا۔مجھے آج بتایا گیا کہ اعتزاز احسن کے نام سے ٹویٹر پر چلنے والے دو جعلی اکانٹس بند کئے گئے۔ ایف آئی اے سے کہا ہے کہ جعلی اکانٹس چلانے والوں کیخلاف کریک ڈان شروع کیا جائے اور اگلے ہفتے ملوث افراد کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

ای پیپر دی نیشن