ریڈیو ابلاغ عامہ کا بہترین اور موثر ذریعہ ہے،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ریڈیو ابلاغ عامہ کا بہترین اور موثر ذریعہ ہے۔ الیکٹرانک و سوشل میڈیا کی تیزی سے ترقی کے باوجود ریڈیو کی اہمیت اب بھی مسلمہ ہے اور بلاشبہ ریڈیو مستند انفارمیشن کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ وقت کے ساتھ ریڈیو میں بھی جدت آئی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زمانہ جنگ ہو یا امن، ریڈیو پاکستان نے ہر دور میں نہایت احسن انداز میں ذمہ داری نبھائی۔ ریڈیو پاکستان نے زمانہ جنگ میں اپنے سامعین کو ہر پل کی خبر سے باخبر رکھا خصوصاً 1965 اور 1971 کی جنگ کے دوران ریڈیو پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے اپنے علاقے میں جب بجلی کی سہولت نہیں تھی، میں ریڈیو کی نشریات سنتا رہا ہوں۔ریڈیو پاکستان سے جاری ہاکی اور کرکٹ میچوں کی کمنٹری نے کھیلوں کے شائقین تک ہر لمحے کی صورتحال پہنچائی اور ریڈیو سے جاری ہونے والے پروگرامز مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے دلچسپی کے حامل ہیں۔شعبہ زراعت، صحت، کھیل الغرض تمام شعبوں سے متعلق ریڈیو اپنے سامعین کی آج بھی رہنمائی کر رہا ہے۔پولیو مہم ہو، ڈینگی کے خلاف جنگ ہو یا کوویڈ19 سے آگاہی مہم، ریڈیو پاکستان نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کا مثالی کردار قابل ستائش ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ عوام تک حکومتی اقدامات اور مختلف پروگرامز سے آگاہی کیلئے آج بھی ریڈیو کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

ای پیپر دی نیشن