ڈبل ڈیکر بس سروس بہاولپور کیلئے ہماری حکومت کا تحفہ، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو رعایت دی جائے گی:عثمان بزدار

Feb 13, 2021 | 19:42

  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہاولپور کے علاقے چولستان پہنچے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار  چولستان میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے ریزارٹ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور کیلئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چولستان ڈیزاٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزاٹ ریزارٹ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بہاولپور کیلئے سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بہاولپور کے مختلف مقامات کی سیر کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈبل ڈیکر بس کا معائنہ کیا اور 300 روپے کی پہلی ٹکٹ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خریدی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سول ہسپتال بہاولپور کے نام کی تبدیلی کا اعلان کیا اور سول ہسپتال بہاولپور کو نواب سر صادق محمد خان عباسی کے نام سے منسوب کیا۔ ڈبل ڈیکر بس سروس کا روٹ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے آفس سے چڑیا گھر تک ہو گا۔ ڈبل ڈیکر بس ایس ڈی ہائی سکول، کمشنر ہاؤس، ڈی سی چوک، بہاول کلب، سی ایم ایچ چوک، میوزیم، سینٹرل لائبریری، بی وی ایچ ہسپتال، فوارہ چوک، نور محل، احمد پوری گیٹ، دراوڑ گیٹ، فرید گیٹ، موری گیٹ اور چڑیا گھر سے ہوتی ہوئی واپس ٹی ڈی سی پی کے ٹرمینل واپس پہنچے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحت میرے دل کے بہت قریب ہے۔ کورونا کے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماند رہیں۔ صورتحال میں بہتری آنے پر سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام سے کیاگیاایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ڈبل ڈیکر بس سروس بہاولپور کے شہریوں کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے۔ لوگ ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے سیاحتی اورتاریخی مقامات کی سیر کرسکیں گے۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو رعایت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کا بہت پوٹینشل ہے اور پنجاب سیاحت کے حوالے سے مثالی صوبہ بنے گا۔ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے اور سیاحت کے فروغ کے لئے ضرورت پڑنے پر مزید بسیں بھی فراہم کریں گے۔ ڈبل ڈیکر بسوں کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے مختص بجٹ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز تعینات کر دیئے گئے جو مکمل با اختیارہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے جلد اپنی منزل تک پہنچیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دل وش سٹیڈیم میں چولستان ڈیزاٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ پیرا گلائیڈرز نے سٹیج کے قریب نچلی پرواز کرتے ہوئے سلامی دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈرٹ بائیک ریس کا مشاہدہ کیا اور ڈرٹ بائیک ریس میں شریک بائیکرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوڈ کورٹ اور مقامی دستکاریوں کے سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز پر رکھی اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چولستان ڈیزاٹ ریلی کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ اور متعلقہ ادارو ں کو مبارکباد دیتا ہوں۔اس طرح کے ایونٹس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملتا ہے بلکہ ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوتا ہے۔چولستان ڈیز اٹ ریلی میں عوام کی دلچسپی خوش آئند ہے اور ایسے ایونٹس پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چولستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کو وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ٹی ڈی سی پی کو جتنے وسائل چاہئیں، میں دینے کیلئے تیار ہوں۔چولستان میں واٹر سپلائی کیلئے 200 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔

چولستان میں مقامی اساتذہ کو بھرتی میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ چولستان میں ویٹرنری کے شعبے کا کوٹہ بھی بڑھائیں گے۔چولستان اور اس طرح کے دیگر علاقوں کیلئے آف گرڈ بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر علاقے میں جا رہا ہوں اور تمام منصوبوں اور عوامی مسائل کا خود جائزہ لیتا ہوں۔میڈیا مسائل کی نشاندہی کرے، فوری ایکشن لوں گا۔میڈیا سے متعلقہ ایشوز کی انکوائری کرائی جائے گی۔ سینیٹ کے الیکشن کیلئے امیداورو ں کا اعلان ہو چکا ہے اور انشاء اللہ سینیٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو چکا ہے اور چاہتے ہیں کہ اختیارات جلد نچلی سطح پر منتقل ہوں۔پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات جلد ہوں گے۔ مشیر سیاحت آصف محمود، مقامی پارلیمنٹیرینز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں