ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں کرپشن کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان مقابلہ ہوگا:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

Feb 13, 2021 | 23:42

وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے ڈسکہ کے ایک چھوٹے سے چوک میں جلسہ کیا- راجکماری نے خواجہ آصف کی تعریف کرکے پیغام دیا کہ ٹھگوں کے ٹھگ ہی مہمان ہوتے ہیں - مریم نواز نے وارث شاہ سے جو شعر منسوب کئے وہ امرتاپریتم کے تھے یوں مریم نے اپنا جھوٹ بولنے کا ریکارڈ قائم رکھا- ان ٹھگوں نے وارث شاہ کو بھی نہ بخشا-پی ڈی ایم  کے جلسہ میں لسانیت کو ہوا دی گئی-
    ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ڈسکہ میں پریس کانفرنس میں مریم نواز کے ڈسکہ میں انتخابی جلسے میں کی جانے والی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا- معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنما قومی اسمبلی کی ایک سیٹ کی خاطرملک میں لسانیت کا زہر گھول رہے ہیں - مریم کے شعر سن کر وارث شاہ کی روح بھی کانپ گئی ہوگی-ڈسکہ میں ایک چورنے چورنگی کو اپنے جھوٹ سے سجایا- ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سڑک پر ہونے والا جلسہ سڑک پر ہی سمٹ گیا تھا- انہوں نے کہا کہ جلسے میں موروثیت کے حصہ داروں کی طرف سے آہیں اور سسکیاں بلند کی گئیں - یہ لوگ ایسی صفائی سے جھوٹ بولتے ہیں کہ وہ سچ لگتا ہے- یہ جھوٹ بولنے والے مداری ہیں جو نسل در نسل جھوٹ پر چل رہے ہیں -

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جاگ پنجابی جاگ کے بعد باپ کے نقش قدم پرچلتے ہوئے بیٹی نے بھی لسانیت کا زہر اگلا-انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں کرپشن کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان مقابلہ ہوگا -مریم بی بی کرپشن کی رانی ہے - ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ووٹ کو عزت دو کی آڑ میں نوٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا رہے ہیں -عمران خان نے ووٹ کو عزت دینے کیلئے سینٹ کے الیکشن کو شفاف بنانے کا اعلان کیا تو سیاسی یتیم خفا ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ آج میاں نواز شریف کے پاسپورٹ کا آخری دن ہے-شہباز شریف نے رنگ بازی کرکے صوبہ کو 12سو ارب کا مقروض کردیا-اورنج ٹرین کا 35کروڑ بل آیا-ان لوگوں نے کک بیکس لینے کیلئے قرضے لیکر منصوبے شروع کئے-

عوام(ن) لیگ چھوڑ چکے ہیں نواز شریف عوام کو چھوڑ کر لندن یاترا پر جا چکے ہیں -انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کا حق ان کی دہلیز پر لوٹائے گی-19فروری کو پی ٹی آئی جیتے گی-لوٹ کھسوٹ کا پیسہ ڈسکہ کے عوام کو خریدنے کیلئے استعمال کیا جارہاہے-ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سینٹ میں عمران خان نے پارٹی کارکنوں کو ٹکٹ دیکر ثابت کیا ہے کہ پی ٹی آئی عوامی جماعت ہے-جعلی راجکماری نے ثابت کیا کہ ظل سبحانی ہی نہیں ان کا پورا ٹبر آمریت کے گملے کی پیداوار ہے- انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنما جھوٹ کا سہارا لے کر عسکری اداروں کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں - اس حلقے میں چوروں، منشیات فروشوں سے عوام کو نجات دلانے کا وقت آگیا ہے - پورے پنجاب کے ٹھگوں کا ڈسکہ میں سیاسی جنازہ نکلنے جارہا ہے -

انہوں نے کہا کہ جلسے میں کیپٹن صفدر نام کا ایک مسکین بھی سائیڈ پر کھڑا تھا مریم عسکری اداروں کو تنقید کرکے اس کو چھیڑتی رہی - ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ منشیات فروشوں، پٹواریوں اور قبضہ گروپوں کے سہارے سے الیکشن نہیں جیتا جاسکتا مریم کا عوام سے کوئی رشتہ ہوتا تو ان کو یقینا پتہ ہوتا کہ ملک میں انڈے کلووں میں نہیں بلکہ درجنوں میں بکتے ہیں -

مزیدخبریں