لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سیون کے دوسرے مرحلہ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی۔ 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے رحمن اللہ گرباز اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغازکیا ۔ اوپنرز نے سکور کو 48 تک پہنچایا تو فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے افغان بیٹرگرباز کو بولڈ کر دیا۔انہوںنے 13 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔100 کے مجموعی سکور پر کپتان شاداب خان 12 رنز بنا کر چلتے بنے، ایلکس ہیلز کی اننگز کا خاتمہ 102 کے مجموعی سکور پر ہوا، انگلش بیٹر 38 گیندوں پر 62 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ اخلاق 0، اعظم خان صفر، آصف علی 6 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے۔ فہیم اشرف 28 گیندوں پر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8وکٹوں پر 199 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی، جیمز فالکنر نے دو شکار کئے‘نسیم شاہ اور نور احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے اور احسان علی نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ جیسن روئے 88 رنز کے مجموعی سکور پر 54 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے، احسان علی 92 سکور پر30رنز بناکر پویلین لوٹے۔ جیمز وینس 29، افتخار احمد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل 8 گیندوں پر 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان نے 50 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف 19.4اوورز میں 5وکٹوں پرپورا کرلیا۔ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔محمد وسیم اور لیام ڈاسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سرفراز احمدکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا ۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانزسات میچ کھیل کر 12پوائنٹس کیساتھ سر فہرست ہے ۔ لاہور قلندرز چھ میچز میں آٹھ پوائنٹس کیساتھ دوسرے ‘اسلام آباد یونائٹیڈ چھ میچز میں چھ پوائنٹس کیساتھ تیسرے ‘کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ میچز میں چھ پوائنٹس کیساتھ چوتھے ‘پشاور زلمی چھ میچز میں چار پوائنٹس کیساتھ پانچویں اور کراچی کنگز پانچ میچز میں بغیر کسی پوائنٹ کے آخر ی پوزیشن پر ہے ۔