سرینگر (اے پی پی‘ این این آئی) بھارت کے غیر قانونی جموں و کشمیر میں بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کے خلاف شوپیاں میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرے میں خواتین اور لڑکیوں سمیت سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حجاب کی حمایت میں اور ہندوتوا بلوائیوں کے خلاف پلے کارڑزاٹھا رکھے تھے جنہوں نے کرناٹک کے ایک کالج میں ایک مسلما ن لڑکی کو سر پر اسکارف پہننے پر ہراساں کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت یا دنیا کے کسی بھی حصے میں مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔دوسری جانب نئی دہلی کی ایک عدالت نے بھارت کے غیرقانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر میں منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات میں 8 کشمیریوں کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت میں مجرم آزادانہ گھوم رہے ہیں جبکہ سچائی کیلئے کھڑے ہونے والے جیلوں میں بند ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی کا یہ تبصرہ بھارت میں بی جے پی کے مرکزی وزیر کے بیٹے کو عدالت سے ضمانت ملنے کے پس منظر میں آیا ہے۔