ملتان ،جلال پورپیروالہ، شجاع آباد (سپیشل رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے نائب صدر و پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز شریف نے جلال پورکا دورہ کیا۔ عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔انہوں نے کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کہتا ہے کہ کھاد کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔ جبکہ کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی ہے۔ مہنگائی کرکے کہتا ہے کہ ہمارے ملک میں قیمتیں دوسرے ملکوں سے کم ہیں۔ یہ کہہ کر وہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکتا ہے۔ ہنسی خوشی زندگی گذارنے والی عوام سے روٹی ،کسانوں سے کھاد، بچوں سے دودھ چھین لیا۔ مہنگائی نے عوام کو ذہنی معذور بنادیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے آٹا، چینی اور گھی کی مہنگائی کا ذکر کیا توعوام نے دھاڑیں مارنا شروع کردیں۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کی مخلوق کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ عمران نیازی عوام کو زیادہ دیر جھانسہ نہیں دے سکتے۔ عوام سے ملکر عمران نیازی کا بستر بوریاگول کردیں گے۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی کے خلاف عدم اعتماد پر بھی کام کررہے ہیں۔74سالوں میں عوام پہلی مرتبہ عمران نیازی کی وجہ سے دکھی ہوئی ہے۔ اور ہم نے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح جلال پور کی عوام نے استقبال کیا ہے اور کسان کنونشن کوکامیاب جلسہ میں تبدیل کیا ہے۔ تو مجھے جلال پورپیروالہ سے پیار ہوگیا ہے۔کسان کنونشن سے دیوان عاشق حسین بخاری، ملک کرار لانگ، عبدالرحمن کانجو ،اویس لغاری نے بھی خطاب کیا۔ شجاع آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے شجاع آباد حیات خاں والہ میں سابق ایم این اے رانا شوکت حیات نون کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اورمرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا، اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ رانا شوکت حیات نون ہمیشہ مسلم لیگ کے ساتھ رہے، مسلم لیگ کے لیے ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اس موقع پر اویس لغاری، جاوید علی شاہ، عبدالرحمان کانجو،عطاء اللہ تارڑ، ذیشان رفیق، راؤ اکمل، طارق رشید, چوہدری عبد الوحید آرائیں، رانا طاہر بشیر، مجاہد علی شاہ، سمت دیگر بھی ہمراہ ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے جھوٹی تختیاں نہیں لگائیں ،عوامی خدمت ہی سیاست اور عبادت ہے ۔پارٹی کنونشن میں شرکت کے لئے روانگی کے موقع پر اپنے ویڈیو بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم ملتان موٹر وے پر سفر کر رہے ہیں، چاہے ملتان موٹر وے ہو، اسلام آباد موٹر وے یاحویلیاں موٹر وے ہو الحمد اللہ لوگوں کو نواز شریف تو یاد آتا ہے۔