لاہور( خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ویلنٹائن ڈے منانے کا کلچر امت مسلمہ کیخلاف ایک نہایت ہی خطرناک سازش ہے۔ جس معاشرے میں رشتہ ازدواج اور نکاح مسنون کے بغیر مرد و زن کے تعلقات استوار ہو جائیں، وہ آتش فشاں بن جاتا ہے۔ اسلام میں عریانی، فحاشی اور بیہودگی پھیلانے والے تمام ذرائع پر سختی سے پابندی لگائی گئی ہے۔ ویلنٹائن ڈے اور بسنت جیسے تہوار اسلامی سوسائٹی کے لیے زہر قاتل ہیں۔ اسلام میں غیر مسلموں کے تہوار منانے سے سختی سے منع کیا گیا۔ ان دونوں تہواروں کے غیر اسلامی ہونے کے ساتھ ساتھ ان میں اور بھی بہت سی قباحتیں اور خرابیاں موجود ہیں۔ یورپ نے مسلم معاشرے سے اخلاقی اور روحانی اقدار کو تباہ کرنے کے لیے ویلنٹائنز ڈے جیسے منصوبے لانچ کیے ہیں۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے درمیان غیر شرعی رابطے بالآخر قتل و غارت کا باعث بنتے ہیں۔ جس سوسائٹی میں نفسانی خواہشات اور شہوات کے لیے حدود و قیود نہ ہوں، وہاں شیطان پوری طرح مسلط ہو جاتا ہے۔ معاشرے میں فلم بینی کا رجحان کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا غلط استعمال اور حیا سوز پروگراموں اور مارننگ شوز کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے بچوں اور بچیوں سے زیادتی اور بربریت روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔ حکومت ایسے مخرب اخلاق اور عریانی و فحاشی کے پروگراموں پر پابندی لگائے۔