بجلی مہنگی،سبسڈی ختم،کابینہ سے گردشی قرضہ مینجمنٹ پلان بھی منظور:ذرائع


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلئے شرائط پر عملدرآمد تیز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بجلی مہنگی اور سبسڈی ختم کرنے کا پلان منظور کر لیا گیا۔ کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے نظرثانی  گردشی قرضہ مینجمنٹ پلان کی منظوری دی۔ پلان کے تحت جون تک گھریلو صارفین کیلئے بجلی 7 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔ مارچ 2023ء سے برآمدی شعبے اور کسانوں کیلئے بجلی پر سبسڈی ختم ہوگی۔ برآمدی شعبے کیلئے بجلی پر 12 روپے 13 پیسے فی یونٹ سبسڈی واپس ہوگی۔ جون 2023ء تک بجلی صارفین سے 450  ارب روپے ریکور کئے جائیں گے۔ پلان کے تحت 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ سرچارج لگے گا۔ مارچ میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 69 پیسے مہنگی ہوگی۔ جون میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 64  پیسے مہنگی ہوگی۔ ستمبر  میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 98 پیسے مہنگی ہوگی۔ جون تک برآمدی شعبے‘ کسانوں کیلئے سبسڈی ختم ہونے سے 63 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ برآمد کنندگان کیلئے بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے  51 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ کسان پیکیج کے تحت بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے 14 ارب روپے حاصل ہوں گے۔اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی کابینہ کے اہم رکن نے سرکولیشن کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کی تردید کی ہے۔ اہم وزیر نے رابطہ کرنے پر’’ نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ ایسی کسی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری نہیں لی گئی اور نہ ہی کوئی سمری منظوری کے لیے بھیجی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن