لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلحدیث پاکستان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی ومعاشی افراتفری پھیلانے کی کوشش عوام دشمنی ہے۔ ننکانہ میں ہونیوالا واقعہ قابل مذمت ہے۔ حکومت ایسے واقعات کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی، پروفیسر عبد المجید، مولانا شکیل الرحمن ناصر حافظ عبد الوحید شاہد اور قاری محمد فیاض اور دAیگر علماء نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر مسلسل سیاسی انتشار پیدا کرکے معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے طوفانوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حکمران آئی ایم ایف کے کٹھ پْتلی بن کر عوام پر ٹیکس لگا کر ان کی زندگیاں چھیننے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں انکو اللہ سے ڈرکر قوم مہنگائی کے عذاب سے نکالنا چاہیے ورگرنہ اقتدار چھوڑ دیں انہوں نے گزشتہ روز منڈی واربرٹن ننکانہ میں ہونیوالا واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ توہین قرآن کے الزام میں گرفتار ملزم کو تھانے پر حملہ کرکے اس کو تشدد کے بعد جلانے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے اس میں انتظامیہ سستی اور نااہلی قابل مذمت ہے۔ شریعت اور آئین کی رو سے کسی کو اختیار نہیں کہ وہ خود ہی عدالت لگا کر کسی انسان کو تشدد کرکے ہلاک کریں اور اس کو آگ لگا کر جلا دیں یہ واقعی اسلام اور پاکستان کیلئے بدنامی کا باعث ہے حکومت اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے سخت سزا دے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔