بزنجو پر استعفیٰ کا دبائو نہیں‘ حکومتیں گرانے کا اشارہ سابق وزیراعلیٰ کے ساتھیوں کی طرف تھا: ترجمان


کوئٹہ (اے پی پی) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے وزیراعلیٰ میر  عبدالقدوس بزنجو کی پریس کانفرنس میں حکومتیں گرانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ کے جواب کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک میڈیا ہائوس نے وزیراعلی کے جواب کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جس کی وضاحت ضروری ہے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی کا احتمال نہ رہے۔ ترجمان نے کہا حکومتیں گرانے کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا اشارہ سابق وزیر اعلی کے قریبی ساتھیوں کی طرف تھا جنہوں نے ان کا ساتھ چھوڑا جس کے باعث ان کو مستفعی  ہونا پڑا اور یہ تبدیلی سیاسی اور جمہوری طریقے سے آئی۔ ترجمان نے پر یس کانفرنس کے حوالے سے میڈیا کی جانب سے قائم کیے جانے والے اس تاثر کی بھی نفی کی ہے کہ وزیراعلی اپنی حکومت کے حوالے سے کسی دبائو کا شکار ہیں یا ان پر استعفیٰ دینے کا دبائو ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بھی وزیراعلی کی گفتگو کو اس کے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ جبکہ وزیراعلی نے واضح طور پر کہا ہے کہ انکی حکومت مضبوط ہے اور انہیں اکثریت کا اعتماد حاصل ہے۔

ای پیپر دی نیشن