لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے مسلم لیگی رہنما میاں اسد منیر کے صاحبزادے کی شادی میں شرکت کی۔ تقریب میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار، میاں منیر اور دیگر رہنما شریک تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن کا بگل بج چکا ہے۔ انتخاب بارے آئین اور قانون کے مطابق عدالت کا فیصلہ آچکا ہے۔ الیکشن کمشن فوری انتخابی شیڈول کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت ہر دن میں بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ عمران خان کے الیکشن مہم پر نکلتے ہی مخالفین گیدڑ کی طرح بھاگتے نظر آئیں گے۔ ن لیگ آئین سے کھیلنے سے باز رہیں۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام پر مہنگائی کے جو کوڑے برسا رہی ہے عوام الیکشن میں اس کا بدلہ چکانے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ نواز شریف اب واپس نہیں آئیں، ن لیگ نے کارکنوں کو لاروں پر لگایا ہوا ہے۔ ن لیگ کا گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ دینے سے کیوں گریزاں ہے۔ شہباز شریف کی نااہلی نے عوام کو مہنگائی اور دیگر مالی مشکلات سے دو چار کیا۔