سرینگر+ نیو یارک (نیوز ڈیسک+کے پی آئی+ این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے بھارت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے لئے پرسوں15فروری کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جموں وکشمیر ہمارا ہے اوراس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیری عوام سے انکی جائیدادیں اور زمینیں چھین کر انکی شناخت مٹانے کی کوشش کررہا ہے۔ انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی کی قیادت میں بھارتی حکومت نے کشمیر میں نو آبادیاتی منصوبے کو توسیع دینے کے لیے بھارتی کاروباری کمپنیوں اور ٹائیکونز کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کا نو آبادیاتی منصوبہ ان ہی خطوط پر آگے بڑھ رہا ہے جس طرح اسرائیل نے فلسطین میں زمینوں پر قبضہ کیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں تنقیدی رپورٹنگ کو روکنے کے لیے صحافیوں پر پابندی، 2022 میں انٹرنیٹ کو کل 456 گھنٹے کے لیے بند کیا گیا۔ واشنگٹن سے کے پی آئی کے مطابق امریکہ میں ہونے والی ایک تقریب میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ شہید مقبول بٹ اور شہید افضل گورو کی باقیات کشمیر میں ان کے لواحقین کو واپس کی جائیں۔ ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ممتاز کشمیری رہنما شہید مقبول بٹ کو ان کے 39 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلاشبہ ایک بے لوث اور متاثر کن شخصیت تھے۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل سے بھارت کے تمام امن پسند لوگوں کے ضمیر جھنجھوڑنے چاہیے۔ شہید مقبول بٹ کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔