لاہور‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار + جنرل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی غلام آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے کا قرض نہیں زہر ہے جو حکومت قوم کو دے رہی ہے۔ 170ارب کے نئے ٹیکسز یا کسی منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ حکمران سن لیں غریب قوم مزید قربانی کے لیے تیار نہیں، جن پارٹیوں نے قرض لیا وہی ادا کریں اور قربانی دیں۔ آئی ایم ایف کا 23واں پروگرام چل رہا ہے، بتایا جائے کیا بہتری آئی۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پر مشتمل ٹرائیکا مہنگائی اور معیشت کی تباہی میں برابر کا ذمہ دار ہے۔ دنیا مریخ پر جا رہی ہے، 14پارٹیوں کی حکومت نے قوم کو آٹے کے ٹرکوں کے پیچھے لگایا۔ ملک وسائل سے مالا مال اس کے باوجود غربت، مہنگائی اور اندھیروں میں ڈوبا ہے، تو اس کا ذمہ دار کون ہے۔ ہم پاکستان کو آباد کیوں نہیں کر سکتے؟۔ تمام ادارے بے توقیر ہو گئے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے، قوم ظلم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ عدالتیں اور احتساب کے ادارے حکمرانوں کا احتساب نہیں کر سکے، اب قوم ووٹ کی طاقت سے ظالموں اور لٹیروں کا احتساب کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے راولپنڈی میں مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور آئی ایم ایف کے خلاف تین روزہ عوامی مارچ کے اختتام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف تحریک جاری رہے گی اور ملک کے طول و عرض میں جلسے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ نائب امرا لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امرائے اضلاع عارف شیرازی، نصراللہ رندھاوا، انصرمحمود ایڈووکیٹ، ڈاکٹر قاسم محمود، صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی، صدر جے آئی یوتھ رسل خان و دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہنگائی کیخلاف مارچ کرنیوالوں نے اقتدار میں آتے ہی عوام کی پیٹھ پر مہنگائی کے کوڑے برسائے۔ تین روزہ عوامی مارچ کے آخری روز کا آغاز گجرات سے ہوا جہاں انہوں نے پریس کانفرنس بھی کی اور اس مطالبے کو دہرایا کہ جزوی نہیں پورے ملک میں جنرل الیکشن ہونے چاہئیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کا لاہور سے شروع ہونے والا مہنگائی مکا¶ روڈ کارواں راولپنڈی پہنچ گیا۔ فوارہ چوک میں داخل ہونے سے پہلے قائدین نے استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنوں کی کافی تعداد موجود تھی۔
سراج الحق
امریکی غلام آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہے،قرض نہیں زہر:سراج الحق
Feb 13, 2023