اسلام آباد، لاہور (نامہ نگار) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے طاقتور آمروں کو جمہوری جدوجہد سے شکست دی۔ یہ بات سابق صدر آصف علی زرداری نے خواتین کے قومی دن پر جاری کیے گئے پیغام میں کہی۔ ان کا کہنا ہے کہ آج کے دن پاکستان میں خواتین نے جمہوریت کی بحالی کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا کردار خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ خاتون پی پی رہنماﺅں اور کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے شاہی قلعے میں قید برداشت کی۔ پی پی پی کے چیئرمین و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین بے مثال بہادری، عظیم صلاحیتوں اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کی علامت ہیں۔ مادر ملت، بیگم بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اپنے پیغام میں دنیا کے لیے رول ماڈل ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے قومی دن پر پیغام میں کہا کہ خواتین کے قومی دن پر تمام ماﺅں، بہنوں اور بیٹیوں سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ آج کا دن پاکستانی خواتین کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور آمریت کیخلاف مزاحمت کی علامت کا دن ہے۔
زرداری/ بلاول